اقوام متحدہ کے سربراہ جنوبی ایشیاء میں بڑی ایٹمی تباہی کو روکنے کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مداخلت کریں

سرینگر16 مارچ () غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کے خطے میں بڑی ایٹمی تباہی کو روکنے کے لیے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے فوری مداخلت کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے تنازعہ کشمیر کو مسلسل نظر انداز کرنے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے خطے میں ایٹمی جنگ کے خطرے کو بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کا تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور عالمی دارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کوسلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوںکے مطابق حل کرائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف عالمی برادری بلکہ بھارت اور پاکستان دونوں نے بھی جموں و کشمیر کے عوام کو انکاحق خودارادیت دینے کا وعدہ کیاتھا۔ تاہم کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے مسلسل اپنے اس حق سے مسلسل محروم ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ اس تنازعہ کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل اقوام متحدہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حریت ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر دنیا کی توجہ کااس لیے مرکز نہیں بن سکتا کیونکہ اس کے پاس تیل کے ذخائر موجود نہیں ہیں۔