ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی

کراچی: ڈالر کے مقابلے میں روپے کے مضبوط ہونے کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر آج 17 پیسے کم ہوگئی۔

دو ہفتوں سے زائد دورانیے سے انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی جاری ہے، گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام تک ڈالر کی قیمت 218 روپے کی سطح تک آگئی تھی جب کہ آج منگل کو اس کی قیمت میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔

منگل کے روز کارباری دن کی ابتدا ہی ڈالر کی قیمت میں 75 پیسے کمی سے ہوئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 219.15 روپے کا ہوگیا جب کہ انٹر مارکیٹ میں ڈالر 77 پیسے کمی سے 217.19 پر ٹریڈ کرنے لگا۔

مارکیٹ بند ہونے تک قیمت دوبارہ بڑھی تاہم مجموعی اعتبار سے ڈالر کی قدر کم ہوئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 17 پیسے کی کمی سے 217.79 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

واضح رہے کہ انٹربینک میں 22 ستمبر سے اب تک ڈالر کی قدر میں 23 روپے تک کمی آچکی ہے۔