عمران خان سیاست کیلیے سیلاب متاثرین کی امداد رکوانا چاہتے ہیں، وزیر اطلاعات

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سیاست کے لیے سیلاب متاثرین کی امداد رکوانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے عمران خان کوتکبراورخودپسندی کا ذہنی مریض ہونے کے سبب خطرناک قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کسی ادارے، اس کے سربراہ یا جج کو گالی دینے میں کوئی شرم نہیں۔ عدالتوں کو پتا چل جانا چاہیے کہ عمران خان کو ندامت ہے نہ شرمندگی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بزدل ، اناپرست، خودپسند ی اور تکبر میں ڈوبا ہوا شخص خطرناک ہی ہوتا ہے۔ وہ ایک ڈھیٹ، فسطائی اور بے شرم انسان ہیں جو کھل کر جھوٹ بولتا ہے ، سیلاب پر بھی سیاست کرتا ہے۔انہوں نے قوم اور میڈیا سے اپیل کی کہ خودپسند، اناپرست کے بجائے سیلاب متاثرین کی طرف اپنی توجہ مرکوز رکھیں کیوں کہ یہ بیمار ذہنیت سیلاب متاثرین کے آٹے پر بھی سیاست کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان سیلاب متاثرین کے جذبات سے کھیل کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ یہ شخص اپنی گھٹیا سیاست کے لیے سیلاب متاثرین کی امداد رکوانا چاہتا ہے۔یہ ہے بیمار ذہنیت کہ میں وزیراعظم نہیں ، اس لیے سیلاب متاثرین کی مدد نہ کرو۔ کبھی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی رکواتا ہے، کبھی سیلاب متاثرین کے لیے امداد رکوانے کی گھٹیا کوشش کرتا ہے۔ یہ وہی ذہنی بیمار ہے جو اپنی سیاست کے لیے شہدا کے خلاف سوشل میڈیا پر زہریلی مہم چلاتا ہے۔