توہین عدالت؛ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے غیر مشروط معافی مانگ لی

 اسلام آباد: سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے توہین عدالت کیس میں غیر مشروط معافی مانگ لی۔

رانا شمیم نے  معافی نامے میں مؤقف اختیار کیا کہ چیف جسٹس کے بعد سینئر ترین جج کا نام بیان حلفی میں لکھنا تھا۔غلط فہمی کی بنا پر اس وقت کے سینئر جج کی جگہ ہائیکورٹ کے موجود حاضر جج کا نام لکھ دیا۔  انہوں نے کہا کہ لان میں چائے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کے دوران اُن کے منہ سے سینئر پیونی جج کے الفاظ بار بار سنے ۔

رانا شمیم نے مؤقف اختیار کیا کہ بیان حلفی 3 سال بعد 72 سال کی عمر میں ذہنی دباؤ میں لکھا ۔غلطی پر گہرا دکھ ہے اور عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔  رانا شمیم نے جواب  میں مزید تحریر کیا کہ عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ جب سے پروسیڈنگز شروع ہوئی ہیں تب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہا ہوں ۔

سابق چیف جج گلگت بلتستان نے لکھا کہ میری غلط فہمی کی بنا پر جو صورت حال پیدا ہوئی شروع دن سے اس کا اظہار کرتا آرہا ہوں ۔ اس عدالت کا کوئی حاضر سروس جج اس تنازع میں شامل نہیں۔ اپنی غلط فہمی پر اس عدالت کے تمام حاضر سروس ججز سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔

رانا شمیم نے جواب میں عدالت سے استدعا کی کہ مؤدبانہ درخواست ہے کہ میری معافی قبول کی جائے۔ رانا شمیم نے اپنے وکیل عبداللطیف آفریدی کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا۔