جلسے شیڈول کے مطابق ہونگے، پی ٹی آئی کا عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: () پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ مختلف شہروں میں جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے اور عوامی رابطہ مہم مزید تیز کی جائے گی۔

سابق وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی صورتحال اور عمران خان کے خلاف مقدمات پر مشاورت ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں جاری عوامی رابطہ مہم مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ تحریک انصاف نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے اسی حوالے سے صوبائی صدور کو مہنگائی کیخلاف احتجاج کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ سابق وزیراعظم مختلف شہروں میں شیڈول جلسے جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ عوامی حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، حکومتی ہتھکنڈوں کا میدان میں مقابلہ کر رہے ہیں، 13 جماعتیں ایک جماعت سے ڈر کر الیکشن سے بھاگ گئیں، میری تحریک کا مقصد اس ملک کے مافیاز کو شکست دینا ہے، ہمارا عام شہری حقیقی آزادی کی تحریک میں شامل ہوچکا ہے۔