مقبوضہ کشمیر کی خون آلود مٹی کشمیریوں پر بھارتی جبر و استبداد کی گواہی دے رہی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر 29 ستمبر ()بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے قتل و غارت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں حالیہ تیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے کی خون آلود مٹی آزادی پسند کشمیریوں پر بھارتی جبر و استبداد کی گواہی دے رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اوڑی ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداءکا مقدس لہو ہماری آزادی کی تحریک کا روشن مستقبل تحریر کر رہا ہے ، جسے فسطائی بھارتی حکومت اور اس کی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری کشمیریو ں کی نسل کشی اور ناقابل بیا ن مظالم کے ذریعے مٹایا نہیں جا سکتا۔ انہوںنے بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع پلوامہ کے قصبے ترال کے کئی دیہات میں رات کے وقت گھروں پر چھاپوں ، قیمتی گھریلو اشیاءکی لوٹ مار اور مکینوں کی مارپیٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو گھروں سے نکلنے پر مجبور کیا گیا انہیں مارا پیٹا گیا جبکہ نوجوان لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ مولوی بشیر احمد عرفانی نے افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ علاقے میں تعینات 10 لاکھ کے لگ بھگ بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے اس طرح کی بہیمانہ کارروائیاں روز کا معمول بن گیا ۔انہوں نے مقامی لوگوں کی بہادری اور جر ا ¾ت کو سراہا کہ انہوں نے فوجی کارروائی کے خلاف احتجاج کیا اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ اور انٹرنیشنل کمیونٹی آف ریڈ کراس پر زور دیا کہ وہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں بڑے پیمانے پر جاری قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ مولوی بشیر احمد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کریں ۔