اروشی روٹیلا کے بعد ایک اور بھارتی اداکارہ نسیم شاہ کی دیوانی

لاہور:() بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کے بعد ایک اور بھارتی اداکارہ افغانستان کے خلاف میچ کے ہیرو نسیم شاہ کی دیوانی ہوگئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نسیم شاہ نے افغان باؤلر فضل حق فاروقی کو آخری اوور میں 2 چھکے مار کر افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دیتے ہوئے پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا دیا جبکہ انہیں 2 چھکوں کی وجہ سے 2 ٹیموں کو ایشیا کپ سے باہر کرنے کا بھی موقع مل گیا۔

نسیم شاہ سوشل میڈیا پر خوب داد سمیٹنے میں مصروف ہیں، ایسے میں بھارتی اداکار ہ سُربھی جیوتی بھی افغانستان کے خلاف پاکستانی باؤلر کی کارکردگی پر ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ نسیم شاہ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کو یقینی طور پر ہیرا مل گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی اداکارہ اور ماڈل گرل اروشی روٹیلا کی جانب سے پاکستانی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی ویڈیو سٹوری انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تھی جس کے بعد اداکارہ کو بھارتیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔