بھارت سے آزادی ہر کشمیری کا خواب ہے

سرینگر09 مارچ :  بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںجموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،انسانی حقوق کے علمبردار محمد احسن اونتو اور مسلم خواتین مرکز کی سربراہ یاسمین راجہ آج سرینگر کے علاقے مائسمہ میں مرحوم بشیر احمد شیخ کے گھر گئے اور سوگوارخاندان سے اظہارتعزیت کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مرحوم معروف تاجررہنما سجاد گل کے سسر تھے جو مزاحمتی تحریک کے سرگرم حمایتی ہیں۔ خاتون رہنماءرفعت ڈار بھی وفد میں شامل تھیں۔شبیر ڈار نے سوگوارخاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے آزادی ہر کشمیری کا خواب ہے۔ جموںوکشمیر جلد ہی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لے گا کیونکہ دنیا کو تنازعات کے حل کی اہمیت کا احساس ہوگیا ہے۔
دریں اثنا ، جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم کے رہنما توصیف احمد کی سربراہی میں ایک اور وفد بھی مرحوم بشیر احمد شیخ کے گھرگیا۔ وفد میں پارٹی ارکان شامل تھے۔ وفد نے مرحوم کی بلندی درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبرعظیم کی دعا کی ۔ توصیف احمد نے اس موقع پر کہا کہ حل طلب مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پورے جنوبی ایشیاءکے امن کو خطرہ لاحق ہے ۔