خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں: عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

خاتون مجسٹریٹ اور اعلیٰ پولیس افسران کو دھمکیاں دینے سے متعلق کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست منظور کر لی۔

خاتون مجسٹریٹ اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران کو دھمکیاں دینے سے متعلق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کی۔

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری اور بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور  اپنے مؤکل کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان عدالت میں موجود ہیں۔

عدالت نے عمران خان کے پیش ہونے پر ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست 12 ستمبر تک منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔