سالانہ 10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع …. اہم ملاقات
پریس ریلیز
وزیر اعظم کے معاون خصوصی براۓ سمندر پار پاکستانیز و ترقیِ افرادی قوت جواد سہراب ملک کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سید المالکی سے اسلام آباد میں اہم ملاقات۔ سعودی وژن 2030 کی تكمیل کے لئے افرادی قوت کی مد میں سالانہ 10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع کے حوالے سے تفصیلی بات چیت
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائےسمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت، جواد سہراب ملک کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سید المالکی سے اسلام آباد میں اہم ملاقات۔ ملاقات میں سعودی وژن 2030 کے تناظر میں پاکستان کی افرادی قوت کی برامدات میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت۔
معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے ملاقات کے دوران سعودی وژن 2030 کی تکمیل کے لئے پاکستان سے نمایاں تعداد میں افرادی قوت کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جواد سہراب ملک کا کہنا تھا کہ "فی الحال سالانہ تقریبا 5 لاکھ پاکستانی روزگار کے سلسلہ میں سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔ امکان ہے کہ جلد یہ تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔” ان کے مطابق تاریخی طور پر بھی پاکستان سے ہنر مند ، نیم ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کی بڑی تعداد میں سعودی عرب منتقلی نے سعودی عرب کو افرادی قوت سے جڑے ملكی مسائل کا مؤثر حل تلاش کرنے میں بے پناہ مدد کی ہے۔
اس موقع پر معاون خصوصی نے واضح کیا کہ سعودی وژن 2030 کے ذریعے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع کے تناظر میں پاکستان سالانہ مختلف ہنر رکھنے والے 10 لاکھ سے زائد افراد سعودی عرب بھیجنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی سفیر کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان ایک ہنر مند ‘لیبر فورس پول’ بنا رہی ہے تاکہ ڈجیٹائیزیشن، خدمات اور سیاحت کے شعبوں میں ابھرتے ہوئے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے۔
سعودی سفیر نے معاون خصوصی جواد سہراب ملک کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا خیر مقدم کیا اور اس سلسلے میں اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سعودی عرب کی متحرک سیاسی قیادت کو سراہتے ہوئے جواد سہراب ملک نے اقتصادی و دیگر دوطرفہ امور پر پاکستان کی مسلسل حمایت و تعاون پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
دونوں فریقین نے آئندہ چند روز میں سعودی وزیر محنت اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ معاون خصوصی جواد سہراب ملک کی متوقع ملاقات کے ذریعے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع کے حوالے سے بات چیت شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔