طلاق کی خبرپبلک نہ کرنے پربشریٰ بشیر کا موقف

طلاق کی خبرپبلک نہ کرنے پربشریٰ بشیر کا موقف

پاکستان شو بز انڈسٹری کی ورسٹائل آرٹسٹ بشریٰ بشیر نے اپنی طلاق کے حوالے سے پہلی بار میڈیا پر بات کی ہے۔

بشریٰ  کی پروڈیوسر اقبال انصاری سے طلاق اوراداکاروڈائریکٹر اقبال کے ساتھ دوسری شادی کی خبریں کافی عرصے سے زیر گردش تھیں ۔ دوسری شادی کی خبروں پراقبال حسین کی جانب سے پرزور تردید کی گئی تھی تاہم بشریٰ  نے کبھی اپنی طلاق کے حوالے سے بات نہیں کی تھی۔

اداکار احسن خان کے پروگرام ’’ بول نائٹس وِد احسن خان ‘‘ میں شریک بشریٰ سے احسن خان نے سوال کیا ، آپ اپنی طلاق کے بارے میں عوامی سطح پر بات نہیں کرنا چاہتیں یا آپ نےاس حوالے سے کسی کو بھی نہیں بتایا؟

جواب میں بشریٰ بشیر نے تفصیلی جواب دیا اور شوبز سے اپنے قریبی ساتھیوں کا حوالہ بھی دیا۔

بشریٰ نے کہا کہ دراصل اس بات کو بہت سال ہوگئے۔ ہمارا ایک سرکل ہے جس میں ثمینہ احمد، روبینہ اشرف، صبا حمید، بدرخلیل ، عظمیٰ گیلانی ہیں، ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں پی ٹی وی کے زمانے سے اور بہت اچھا وقت گزارا ہے۔ جب کسی کے ساتھ کوئی بات ہوجائے تو سب پریشان ہوجاتے ہیں۔

اس موقع پر بشریٰ نے اداکار جمال شاہ اورفریال گوہر کے علاوہ طاہرہ سید اور نعیم بخاری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں اب ایسی بات کر رہی ہوں حالانکہ میں کسی کی ذاتی بات نہیں کرتی۔ یہ بہت خوبصورت جوڑیاں تھیں الگ ہوئیں تو لوگوں کے دل ٹوٹ گئے انہیں دکھ ہوا، کسی نے کسی کو برا نہیں کہا کہ مرد خراب تھا یا عورت خراب تھی کیونکہ کسی کو علم نہیں ہوتا کہ ان کے ذاتی مسائل کیا تھے۔

بشریٰ  نے مزید کہا کہ شادی شدہ زندگی میں مسائل صرف اداکاروں کے ساتھ نہیں ہوتے بلکہ بینکرز یا ڈاکٹرز کی زندگیوں میں بھی مسائل ہوتے ہیں تو مجھے لگا کہ اپنی نجی زندگی عوام کے ساتھ شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

پروڈیوسر اقبال انصاری سے بشریٰ کی 2 بیٹیاں نریمان اور میرا انصاری ہیں۔ اس جوڑی کی طلاق کو تقریبا 5 سال گزر چکے ہیں۔