
مقبوضہ کشمیرمیں امرناتھ یاترا کے نام پر مزید قابض بھارتی فوج کی تعیناتی جاری
سرینگر(کے پی اين )مقبوضہ کشمیرمیں دوسال کے طویل وقفے کے بعد جون کے آخر سے شروع ہونی والی امرناتھ یاترا کی حفاظت پر تعینات ہونے والے اضافی بھارتی سیکورٹی فورسز کی وادی آمدکا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور پہلا قافلہ گذشتہ روز واد ی کشمیر پہنچ گیا۔ وادی کشمیر میں امرناتھ یاترا کیلئے سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر جموںو کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے کیلئے بھارتی وزارت داخلہ نے جموں کشمیر میں 15ہزار مزید سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں گذشتہ ہفتے نئی دہلی میں امر ناتھ یاترا خوش اسلوبی کیساتھ انجام دینے اور اسکے لئے ہر ممکن سیکورٹی فراہم کرنے کی خاطر دو الگ الگ میٹنگیں منعقد ہوئیں جن میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ 150اضافی فورسز کمپنیاں یاترا روٹ پر تعینات کی جائیں گی تاکہ موجودی سیکورٹی سیٹ اپ کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے۔ملک کے مختلف حصوں میں تعینات 15ہزار اضافی سیکورٹی فورسز کی امر ناتھ یاترا کے دوران تعیناتی کا سلسلہ اب شروع ہونے جارہا ہے۔ یہ پہلے سے تعینات کئے جارہے سیکورٹی فورسز کے علاوہ ہے۔ان 15 ہزار اضافی فورسز اہلکاروں کو جنوبی کشمیر میں امرناتھ یاترا روٹ کے ارد گرد تعینات کیا جارہا ہے۔یہ اضافی فورسز کمپنیاں گذشتہ کئی روز سے جموں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور گذشتہ روز باضابطہ طور پر انکی وادی روانگی کا آغاز ہوگیا ہے۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ جموں میں بھی یاترا روٹ کی سخت نگرانی کی جائیگی اور لکھن پور سے جواہر ٹنل تک 268کلو میٹر شاہراہ ، جو پانچ اضلاع کھٹوعہ،سانبہ،جموں، ادہمپور اور رام بن سے گذرتی ہے، کو مختلف زونوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور زونل سطح پر ایک آفیسر کی بھی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی جو بطور کارڈی نیٹر کا کام کریں گے۔حکام نے کہا کہ ان 5اضلاع میں بظاہر سیکورٹی کے اعتبار سے کوئی خدشات نہیں ہیں لیکن اننت ناگ، کولگام اور پلوامہ اضلاع کے راستے پر یاتریوں کو خطرات لاحق ہیں جس ے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کیلئے 15ہزار اضافی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا” سالانہ امر ناتھ یاترا کو سب سے بڑا خطرہ یہ رہتا ہے اس لئے سیکورٹی گرڈ کو انتہائی مضبوط کرلیا گیا ہے”۔یاترا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے کھٹوعہ اور سانبہ میں بی ایس ایف کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔بین الاقوامی سرحد کی جانب سے قومی شاہراہ کی طرف آنے والے راستوں پر چیک پوسٹ قائم کئے جارہے ہیں، جبکہ کئی جگہوں پر گاڑیوں کی تلاشی کیلئے ناکے قائم کئے جارہے ہیں جو مستقل بنیادوں پر کام کریں گے۔شاہراہ پر سی آر پی ایف کے چیک پوسٹ قائم ہونگے اور پورہ شاہراہ پر مرکزی سلامتی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔یاترا 30جون سے شروع ہوگی جس میں امسال ریکارڈ یاتریوں کی آمد کی امید کی جارہی ہے۔ ادھرگزشتہ روز جموں و کشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بھی امرناتھ یاترا کی سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پولیس، فوج اور سنٹرل ریزور پولیس فورسز کے سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران سیکورٹی فورسز کی تعیناتی سمیت دگر انتظامات کا جائزہ لیا تھا