سرینگر: سید احمد نقشبندی کا میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی پر اظہار تشویش

سرینگر 26فروری : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگرکے نائب صدر اور جامع مسجد کے امام حئی مولانا سید احمدنقشبندی نے حریت فورم کے چیئرمین اور انجمن اوقات کے صدر میر واعظ عمر فاروق کی سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بندی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید احمد نقشبندی نے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ میر واعظ عمر فاروق کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام کے حقوق طاقت کے بل پر سلب کرنا حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا کی مسلسل نظر بندی ہر لحاظ سے سمجھ سے بالا تر ہے لہٰذا ان کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنی قومی،ملی اور منصبی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔