یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی اور آٹے کے ریٹس میں غیر معمولی کمی

اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی اور آٹے کا 10 کلو تھیلہ 400 روپے اور 20 کلو کا تھیلہ 800 روپے میں دستیاب ہوگا۔ 

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے وزیراعظم کے حکم پر چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کردی ہے۔ ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز نے کہا ہے کہ کارپوریشن کی انتظامیہ سبسڈائزڈ اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کوشاں ہے، صارفین اپنے شناختی کارڈ کی کاپی ساتھ لائے اور وفاقی حکومت کے رمضان ریلیف پیکج سے مستفید ہوں۔

اعلان کے مطابق ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، اور آٹے کے 10 کلو تھیلے پر 75 روپے کی رعایت دی گئی ہے، اب ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 70 روپے فی کلو دستیاب ہوگی، جب کہ آٹے کا 10 کلو تھیلا 400 روپے اور 20 کلو کا تھیلا 800 روپے میں دستیاب ہوگا۔