
شہید شیخ الطاف الرحمان کی یاد میں تحریک حریت جموں وکشمیر کی دعائیہ مجلس اللہ کی طرف سے چنے ہوئے بندوں کو شہادت کا انعام ملتا ہے۔غلام محمد صفی
اسلام آباد( ) تحریک حریت جموں کشمیر کے کنوینیر براے پاکستان و آزاد کشمیر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ شیخ محمد یوسف سوپوری جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے اہم راہنما ہیں ، ان کے فرزند شیخ الطاف الرحمان نے جدوجہد آزادی کشمیر میں شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔دفتر ِتحریک حریت جموں کشمیر میں شہیدشیخ الطاف الرحمان کی یاد میں دعائیہ مجلس سے خطاب میں غلام محمد صفی نے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مقام شہادت حاصل کرنا آ سان نہیں، کتنے ہی ایسے لوگ گزرے جن کی زندگی تیغ و تفنگ اورمیدان قتال میں گزری لیکن موت کے فرشتے نے ا نہیں بستر مرگ پر دبوچ لیا۔ ایں سعادت بزور بازو نیست۔یہ ایک انعام خاص ہے جو اللہ کی طرف سے چنے ہوئے بندوں کو ملتا ہے۔شیخ محمد یوسف سوپوری جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے اہم راہنماتھے۔ ان کا شمارانتہائی متحرک، محنتی اور مخلص راہنماں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کی آبیاری کے لیے اپنے دو لخت جگروں کا خون دیا۔ 9جون 2015کو الطاف الرحمان دشمن کے ہاتھوں چھ گولیاں کھا کر منصب شہادت پر فائز ہوئے۔ اس سے پہلے ان کے چھوٹے بھائی بھی حزب المجاہدین کے متحرک اور فعال کارکن کی حیثیت سے جام شہادت نوش کرچکے تھے۔ اللہ تعالی دونوں بھائیوں کی شہادت کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت بخشے۔ مجلس کے اختتام پر دونوں بھائیوں اور ریاست جموں کشمیر کے جملہ شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے عزیز ازجان مشن کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔