اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام ، کاسخت نوٹس لے۔شبیر احمد شاہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جلد از جلد حل کرے۔

سری نگر()  نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں  قیدکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما شبیر احمد شاہ نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کاقتل عام ، جبری گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کاسخت نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جلد از جلد حل کرے۔ نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں شبیر شاہ نے  کولگام، شوپیاں، سرینگر اور جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔شبیر شاہ نے کہا کہ دنیا کی ہر انقلابی تحریک کے لیے لازمی ہے کہ وہ غاصب حکمرانوں کے مذموم عزائم سے ہوشیار رہیں اور صبر و استقامت کے ساتھ غیر قانونی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہدجاری رکھیں۔کشمیری نوجوانوں کے دوران حراست قتل کے واقعات میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج فرقہ وارانہ جنون اور سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کیلئے بے گناہ کشمیریوںکا قتل کررہی ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ نڈر کشمیری اپنی شہدا کی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا ۔شبیر شاہ نے بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو تنازعہ کشمیر کے حل سے متعلق عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے سامنے کئے گئے اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے فوری طورپرمقبوضہ علاقے میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کرانی چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوںکو انکا بنیادی حق دینے سے مسلسل انکار کر رہی ہے اور ان کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے وحشیانہ ظلم و تشدد جاری رکھے ہوئے ہے ۔ سینئر حریت رہنما نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کاقتل عام ، جبری گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کاسخت نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جلد از جلد حل کرے۔