سال 2021 میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز

کراچی: سال 2021 اپنے اختتام کو ہےآج 2021 کا آخری دن ہے اور کل نئے سال کا نیا سورج طلوع ہوگا۔

تاہم جاتا ہوا یہ سال بہت ہی ہنگامہ خیز رہا۔ 2021 میں جہاں لوگوں نے معیشت، حکومت سمیت مختلف شعبوں میں اتار چڑھاؤ دیکھے۔ وہیں سوشل میڈیا پر بھی پورا سال کئی ویڈیوز وائرل ہوئیں جنہوں نے کئی عام لوگوں کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچادیا تو کچھ لوگوں کے اصل رنگ ڈھنگ سامنے آگئے۔

اس تحریر میں آج سال 2021 میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کا مختصر جائزہ پیش کیا جارہا ہے جنہوں نے یقیناً پورا سال شائقین کو محظوظ کیے رکھا۔

رواں سال کی ابتدا میں دنانیر مبین نامی ایک عام لڑکی کی چند سیکنڈ کی ویڈیو جس میں وہ ’’یہ ہم ہیں یہ ہماری کار ہے اور یہ ہماری پاوری ہورہی ہے‘‘ کہتی ہوئی نظر آرہی ہےسوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی۔ اور سوشل میڈیا کی طاقت کو تو دیکھئے اس ویڈیو سے قبل دنانیر مبین کو کوئی جانتا تک نہیں تھا اور اب اسی ویڈیو کی بدولت وہ آج پاکستان شوبز کا حصہ بن چکی ہیں۔

اداکارہ صدف کنول کی ویڈیو جس میں وہ شوہر سے متعلق اپنے خیالات بتاتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ شہروز میرا شوہر ہے میں اس کے جوتے بھی اٹھاؤں گی بہت زیادہ وائرل ہوئی۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کی جاوید چوہدری کے پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندو خیل کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو کے بھی خوب چرچے رہے۔

مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر کی فارمولا ون کار والی وائرل ویڈیو نے تو سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچائی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نہ صرف لوگوں نے ندا یاسر کی کم علمی کا مذاق اڑایا بلکہ ان پر بے تحاشہ میمز بھی بنائی گئیں۔

اسی طرح لاہور یونیورسٹی میں ایک طالبہ کی اپنے ساتھی طالبعلم کو سب کے سامنے پرپوز کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی۔ حالانکہ اس حرکت کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے دونوں کو کچھ روز کے لیے معطل کردیا تھا۔

رواں سال عامر لیاقت رمضان میں نشر کیے جانے والے شو میں ’’ناگن ڈانس‘‘ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب چھائے رہے۔

2021 میں پاکستان میں ٹک ٹاکرز کے حوالے سے  کئی تنازعات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے جن میں سے ایک ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی مینار پاکستان والی ویڈیو بھی ہے۔ جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مینار پاکستان پر تقریباً 400 آدمیوں نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ عائشہ اکرم نے یہ سارا ڈراما صرف مشہور ہونے کے لیے کیا تھا۔

اور اب رواں سال کے اختتامی دنوں میں اداکارہ علیزے شاہ کی اسموکنگ کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور لوگ ان پر سرعام گاڑی میں بیٹھ کر سگریٹ پینے پر تنقید کررہے ہیں۔