پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے33ویں کانووکیشن کی تقریب

کراچی ،13 دسمبر 2021 : پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج (PNEC) کے 33ویں کانووکیشن کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ا س تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

نیول چیف نے 317 گریجویٹس میں پی ایچ ڈی، ماسٹرز اور بیچلرز کی ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ مختلف تعلیمی شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءکو 34 میڈلز سے بھی نوازا گیا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے پاک بحریہ کے افسران کو علاقائی اور بین الاقوامی بحری افواج کے مساوی تربیت دینے کے عزم کو اُجاگر کیا۔ انہوںنے گریجویشن کرنے والے طلباءکو تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی پر اعزازات اور امتیازی پوزیشنز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

کمانڈنٹ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کموڈور کامران احمد نے خطبہ استقبالیہ کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج انجینئرنگ کے شعبے میں معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے اور اس کے فارغ التحصیل طلباءدنیا بھر کے اعلیٰ اداروں میں فرائض ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کی ٹیم نے پانچ بین الاقوامی اور چار قومی مقابلوںمیں پاکستان کی نمائندگی کی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔

کانووکیشن کی تقریب میں دفاعی افواج کے حکام، سول اداروں کی نمائندگان اورڈگریاں حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کے والدین نے شرکت کی۔