احسن اونتو کی گزشتہ چار سال سے 19 بے گناہ کشمیری طلبا کو جیل میں رکھنے کی شدید مذمت

سرینگر11جنوری : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انٹرنیشنل فورم فارجسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے گزشتہ چار سال سے ایک جھوٹے قتل کیس میں 19 کشمیری طلبا کو جیل میں رکھنے پر قابض حکام کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد احسن اونتونے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ سیرت الحسن سمیت گرفتار کئے گئے کئی طلباءمتعدد عارضوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیرت کے معدے میں السرہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام طلبا بے گناہ ہیں کیونکہ استغاثہ ان کے خلاف کوئی گواہ پیش کرنے میں ناکام رہا ہے جبکہ انہیں نظربند رکھنے کے لئے بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں اور ان کی نظربندی کو جان بوجھ کر طول دیا جارہا ہے۔ انہوں نے افسوس کااظہار کیا کہ قابض حکام کو کشمیریوں کو مصائب ومشکلات میں دیکھنے کی عادت پڑگئی ہے اور وہ ان غیر انسانی کارروائیوں سے خوشی محسوس کرتے ہیں۔ انٹرنیشنل فورم فارجسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین نے قیدیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے نمائندے، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ سے اپیل کی کہ وہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں تاکہ معصوم طلبا کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو اس اذیت سے نجات دلائی جاسکے ۔
via kms news