
شہیدمحمد اشرف صحرائی کے دو بیٹے مجاہد اشرف،راشد اشرف مسلسل قید اشرف صحرائی کے بیٹوں اور پوتے کوفوری رہا کیا جائے۔محمد احسن اونتو
سری نگر() انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیر مین محمد احسن اونتو نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے شہید رہنما محمد اشرف صحرائی کے دو بیٹوں مجاہد اشرف،راشد اشرف اور پوتے محمد الطاف خان کی مسلسل قید پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ قابض انتظامیہ نے ان کے والد کودوران حراست شہید کردیا تھا دونوں بھائیوں کو بغیر کسی جرم کے نظربند کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکام نے اشرف صحرائی کی دوران حراست شہادت پر اظہار سوگ کرنے پرمجاہد اشرف، راشد اشرف اور محمد الطاف خان کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں قانون نام کی کوئی چیز موجودنہیں ہے اور بے قصور شہریوں پر بغیر کسی جرم کے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں ۔احسن اونتو نے بھارتی قابض انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اشرف صحرائی کے بیٹوں اور پوتے کوفوری رہا کرے کیونکہ ان کے اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض حکام کو اشرف صحرائی کے بیٹوں اور پوتے کے بارے میں انسانی ہمدردی کا رویہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔