72 گھنٹوں میں 9 کشمیری شہید، لاشیںلواحقین کو نہ مل سکیں کولگام میںآفاق سکندر ،عرفان مشتاق لون ، شاکر نجار اور سمیر نجار شہید آفاق سکندر لون ٹی آر ایف کاڈویژنل کمانڈرتھا، پولیس سربراہ کا دعوی

سری نگر() بھارتی فوج نے72 گھنٹوں میں 9 کشمیریوں کو  ماورائے عدالت قتل کرکے  ان کی لاشیں لواحقین کو فراہم کرنے کے بجائے گمنام قبرستانوں میں دفنا دی ہیں ۔ کے پی آئی کے مطابق  بدھ کے روزبھی کشمیر  کے کولگام ضلع میںحریت پسند کمانڈر آفاق سکندر لون سمیت5 افراد کو شہید کیا گیا جبکہ  منگل کو سری نگر میں الطاف احمد ڈار اور ڈاکٹر مدثر گل سمیت4 شہریوں  کو ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا تھا۔جنوبی کشمیر  کے کولگام ضلع میں  پمبئی اور گوپال پورہ  نامی دو دیہات میں بھارتی فوجی آپریشن میں شہید ہونے والوں میں حریت پسند کمانڈر آفاق سکندر لون ، المعرون کاشف بھائی،عرفان مشتاق لون شوپیاں، شاکر نجار  اور سمیر نجار شامل ہیں۔کشمیر میں پولیس کے سربراہ وجے کمار کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے پانچ عسکریت پسندوں کا تعلق دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) نامی گروپ سے ہے۔ آفاق سکندر لون ٹی آر ایف کا ڈویژنل کمانڈر بتایا گیا ہے برطانوی اخبار کے مطابق  کشمیر میں حالیہ ہفتوں کے دوران تشدد کے واقعات میں تقریبا 30 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ پولیس نے بدھ کو   سری نگر میںان دو شہریوں کے درجن بھر رشتہ داروں کو گرفتار بھی کر لیا ہے جو اپنے پیاروں  کی شہادت کے بعد احتجاج کر رہے تھے۔ ان مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ان کو اپنے پیاروں کی لاشیں دی جائیں تاکہ وہ ان کی تدفین کر سکیں۔عینی شاہدین کے مطابق سری نگر میں بھارتی پولیس کے اہلکار جو بندوقوں سے مسلح تھے، نے ان افراد کے مظاہرے پر دھاوا بول دیا اور انہیں پولیس کی گاڑیوں میں بھر کر لے گئے۔سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں مظاہرے میں شرکت کرنے والے ایک شخص کو پولیس اہلکار کی بندوق پکڑ کر اپنے سینے سے لگاتے ہوئے یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ مجھے گولی مار دو، دہشت گردو۔ غیر ملکی اخبار کے مطابق  عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے ان افراد کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا تھا۔ مارے جانے والوں کو سال 2020 میں شروع کی جانے والی فوجی پالیسی کے مطابق سری نگر کے شمالی گاں میں دفنا دیا گیا ہے۔سال 2020 سے اب تک بھارتی حکام یہاں پر سینکڑوں افراد کو دفنا چکے ہیں۔ ان افراد میں عام شہری بھی بھی شامل ہیں۔بھارتی پولیس نے جموں سے تین نوجوانوں کی گرفتاری کا بھی دعوی کیاہے ۔ گرفتار کئے گئے نوجوانوں کی شناخت فیاض احمد ، عمر فاروق اور معظم پرویز کے طورپر ہوئی ہے ۔ پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے بھی دو نوجوانوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت عامر بشیر ڈار اور مختار احمد کے طورپر ہوئی ہے ۔