کورونا سے مزید9 افراد کی موت، محرم میں وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا خدشہ

پاکستان میں اس وقت کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 8 ہزار 833 ہے، این سی او سی نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیے

اسلام آباد  ملک میں کورونا وائرس سے مزید9 افراد کی موت واقع ہوگئی، 415نئے کیسز سامنے آگئے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کوروناکیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار53 ہے اور 6ہزار283 اموات ہوئی ہیں جبکہ کورونا ایکٹیو کیسز کی تعداد 8 ہزار 833 ہے جہاں 2 لاکھ 79 ہزار 937 کورونا متاثرین صحتیاب بھی ہوچکے ہیں، این سی او سی نے محرم الحرام میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا انتباہ جاری کردیا ۔بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار195 اور سندھ میں 2 ہزار394 اموات ہوئی ہیں، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار250، اسلام آباد 175، بلوچستان 141، ‏گلگت بلتستان67 اور آزاد کشمیر میں کورونا سے 61 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ سندھ میں ایک لاکھ29 ہزار81 ، پنجاب میں کورونا کے 96 ہزار636 ، خیبرپختونخوامیں 35 ہزار923، بلوچستان میں 12 ہزار742، اسلام آباد میں 15 ہزار578، آزادکشمیرمیں 2ہزار277 اور گلگت بلتستان میں کورونا کے2ہزار816 کیسزرپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں اب تک کورونا کے 25 لاکھ 35 ہزار778 ٹیسٹ ہو چکے ہیں، ہسپتالوں میں 114 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں جبکہ اسپتالوں میں کوروناوینٹی لیٹرزکی تعداد 1920 ہے جہاں 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے سہولیات ہیں اور اس وقت ایک ہزار 76 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں اور ملک میں مجموعی طور پر 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے 18 مارچ کو پہلی موت رپورٹ ہوئی تھی، جبکہ 20 جون کو سب سے زیادہ 153 اموات رپورٹ ہوئیں لیکن اب کورونا کا گراف تیزی سے نیچے آ رہا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا اور 21 مئی تک 1000 اموات سامنے آئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے امید طاہر کی گئی ہے کہ محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے عوام کے تحفظ اور فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔