
بھارتی حکومت نے جموں وکشمیر میںگجر بکروال خانہ بدوش کمیونٹی پر ٹیکس عائد کر دیا بھیڑ، بکری کے 5 روپے جبکہ گائے ، بھینس اور گھوڑے پر 7.5روپے سالانہ ٹیکس
سری نگر() بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے جنگلات میں بھیڑ بکریاں چرانے والی گجر بکروال خانہ بدوش کمیونٹی پر ٹیکس عائد کر دیا ہے ۔جموں سے سرینگر اور سرینگر سے جموں اپنے مال مویشیوں سمیت پیدل سفر کرنے والے ٹیکس ادا کر رہے ہیں ۔کے پی آئی کے مطابق خانہ بدوش کمیونٹی کو محکمہ جنگلات کو فی بھیڑ، بکری کے 5 روپے جبکہ گائے ، بھینس اور گھوڑے پر 7.5روپے سالانہ ٹیکس اداکرنا پڑتا ہے۔گجر بکروال خانہ بدوش کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں سال بھر گردش میں رہتے ہیں ہر کنبہ کے ریوڑمیں ہزاروں کی تعداد میں مویشی ، بھیڑ بکریاں ہوتی ہیں اس طرح سے ہر کنبہ سالانہ ہزاروں روپے محکمہ جنگلات کو اداکرتا ہے اور اس طرح سے یہ کروڑوں روپے خانہ بدوشوں سے وصول کیے جاتے ہیں ۔خانہ بدوشوں کے مختلف کنبوں نے کہا کہ اگرچہ ان سے سالانہ کروڑوں روپے وصول کیے جاتے ہیں تاہم سرینگر جموں شاہراہ پر کسی بھی جگہ ان کے عارضی ٹھہرا وکیلئے کوئی انتظام نہیں ہے اور نا ہی ریوڑ کے چلنے کیلئے شاہراہ کے کنارے کوئی فٹ پاتھ قائم ہے ۔