
امیت شاہ کی سری نگر آمد سے قبل بھارتی فورسز نے 900 افراد کو گرفتار کر لیا سری نگرشہر میں نئے بنکر تعمیر کر لیے گئے ، انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے
سری نگر()بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سری نگر آمد سے قبل بھارتی فورسز نے 900 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق امیت شاہ غیر معمولی سکیورٹی حصار میں ہفتے کو سری نگر پہنچ گئے۔ ان کا دورہ شروع ہونے سے قبل فورسز نے 900 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ موٹر سائیکلز پر غیر اعلانیہ پابندی لگا دی گئی تھے۔ ہزاروں موٹر سائیکل ضبط کر لیے گئے تھے ۔ امیت شاہ مقبوضہ کشمیر میں تین روزہ قیام کے دوران کشمیر کی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیں گے ۔ ان کے دورے پرمقبوضہ کشمیر کے دارلحکومت سری نگر میں غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے تحت بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے ۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی فورسز کی 25 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ بھارتی حکام کو خطرہ ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ پر سری نگر میں قیام کے دوران حملہ ہو سکتا ہے ۔ کے پی آئی کے مطابق غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے تحت بھارتی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کی آمد سے سری نگر کے رہائشیوں میںخوف و ہراس پھیل گیا شہر بھر کے مختلف مقامات پر بھارتی فورسز اہلکار لوگوں کو روک کر تلاشی لینے کے ساتھ شہریوں کی موٹر سائیکلوں کو بھی ضبط کر رہے ہیں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ ادھر لال چوک میں خواتین نیم فوجی دستوں کو خواتین اور ان کے بیگز کی تلاشی لیتے دیکھا گیا،کچھ کشمیری شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ برسوں کے بعد پہلی بار ہوا ہے جب وہ خواتین فوجیوں کے ذریعے عوامی سطح پر خواتین کی تلاشی دیکھ رہے ہیں۔ شہر میں نئے بنکر تعمیر ہونے والے بنکروں کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔