نیویارک کے میئر کا بوسٹر ڈوز لگوانے والوں کو 100 ڈالر دینے کی پیشکش

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکہ میں کورونا ویکسین لگوانے کیلئے شہریوں کو خصوصی پیشکش کر دی گئی، میئر نیویارک نے کہا ہے کہ بوسٹر ڈوز لگوانے پر 100 ڈالر انعام دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق کورونا کا نیا ویریئنٹ اومی کرون امریکہ اور برطانیہ سمیت یورپی ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے نمٹنے کیلئے عوام کو انوکھی ترغیبات دی جا رہی ہیں۔نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے گذشتہ روز اعلان کیا کہ دسمبر کے آخر تک جس شہری نے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوا لی وہ 100 ڈالر وصول کرنے کا مستحق ٹھہرے گا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اومی کرون جنوبی افریقہ سے شروع ہوا تھا جس کے بعد گذشتہ ویریںٹس کے مقابلے بہت تیزی سے پھیلنا شروع ہوا۔ امریکہ سمیت مغربی ممالک نے جنوبی افریقہ سے پروازیں بھی معطل کر دی تھیں اس کے باوجود یہ ویریئنٹ رکا نہیں۔

امریکہ میں کورونا کا پھیلاو مزید روکنے کیلئے کرسمس تقریبات کو محدود کر دیا گیا ہے، مغربی ممالک میں کرسمس کے پیش نظر ان دنوں شاپنگ عروج پر ہوتی ہے ، اس لئے حکام کو خدشہ ہے کہ کرسمس تقریبات کی تیاریاں اومی کرون کے پھیلاو کو خطرناک صورتحال تک پہنچا سکتی ہیں جس سے بڑے پیمانے پر اموات کا خدشہ ہو سکتا ہے۔