نیب ترمیمی آرڈیننس منظور ہونے کے بعد ملزمان کیسز ختم کرانے کیلئے عدالت پہنچ گئے

نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری کے بعد نیب کیسزختم کرانےکیلئے ملزمان نے بھاگ دوڑ شروع کردی۔

نیب ترمیمی آرڈیننس میں منظوری کے بعد متعدد افراد نے اسلام آباد کی احتساب عدالتوں سے رجوع کیا ہے جس میں دھوکا دہی، فراڈ اور دیگر نیب کیس ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

ملزمان کا مؤقف ہے کہ نیب دائرہ اختیار ختم ہوگیا، کیسز ختم کیے جائیں۔

اس کےعلاوہ ایل این جی ریفرنس کے ملزمان نے بھی نیب ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔

تاہم نیب نے ریفرنس ختم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہےکہ کابینہ کے فیصلوں کو جو نیب سے استثنا دیا گیا وہ 6 اکتوبر کے بعد آنے والے فیصلوں پر ہوگا۔

احتساب عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرکے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔