شہیدسید علی گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمات کے اندراج کی مذمت

کوالالمپور09ستمبر() ملیشیا میں اسلامی تنظیموں کی مشاورتی کونسل ” Majlis Perundingan Pertubuhan Islam Malaysia“ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حکام کی طرف سے شہید بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمات کے اندراج کی مذمت کی ہے۔
تنظیم کے صدر محمد اعظم عبدالحامدنے کوالالمپور میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکام کو فوری طور پر اس کارروائی کو روکنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی کے اہلخانہ کو پہلے ان کی تدفین کے حق سے محروم رکھا گیا اور اب جعلی الزامات کے تحت انکے خلاف مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کے خاندان کے ساتھ ناروا سلوک کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مطالبے کی جدوجہد کے حوالے سے ان کے جذبے کو متاثر کرنے کا ایک حربہ ہے۔محمد اعظم عبدالحامد نے کشمیر کاز کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ کشمیری شہید سید علی گیلانی کے متاثر کن مشن کو مقصد حصول تک جاری رکھیں گے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی غیر انسانی ، غیر منصفانہ اور غیر قانونی کارروائیوں کا نوٹس لے۔