گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے سٹیٹس میں تبدیلی سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے گا،ڈاکٹر خالد محمود خان

اسلام آباد()جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ سید علی شاہ گیلانی امت مسلمہ کے عظیم مجاہد تھے ،تحریک آزادی کشمیر کو نیا رخ دینے اور پوری کشمیری قوم کو بیدار کرنے میں ان کا کردار تاریخی تھا ان کی شہادت سے امت مسلمہ عظیم مجاہد سے محروم ہو گئی ،حکومت پاکستان ریاست کے حصے بخرے کرنے کی بجائے کشمیرکی آزادی کا روڈ میپ دے ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے سٹیٹس میں تبدیلی سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے گا اور پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر دیرینہ موقف کمزور ہو گا

ان خیالات کااظہار انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام سید علی گیلانی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ قربانیاں پیش کی ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کی قومی قیادت کشمیر کی صورت حال کا تدارک کرے کوئی بھی ایسا فیصلہ جو کشمیریوں کی مرضی کے مغائر ہو کسی صورت قبول نہیں کریں گے

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے صوبے اور آزادکشمیر کے سٹیٹس میں تبدیلی کشمیر کاز کے لیے نقصان دے ہے عجلت میں ایسے فیصلے نہ کیے جائیں جس سے تحریک آزادی کشمیر متاثر ہو انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر میں اپنا جو کردار ادا کیا تاریخ کا حصہ ہے جب تک ہندوستان کا ایک بھی فوجی مقبوضہ کشمیر سے نکل نہیں جاتا ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔