جنوبی ایشیا میں امن تنازعہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے: مشعال ملک

اسلام آباد11دسمبر() پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یہ بات اسلام آباد بار کونسل کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرکی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں انسانوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز پیلٹ گنز جن کا استعمال جانوروں پر بھی ممنوع ہے ، کشمیریوں پر استعمال کررہی ہیں۔مشعال ملک نے افسوس کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ جو دنیا بھر میں انسانی حقوق کے احترام کا ذمہ دارہے،بدقسمتی سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مکمل طور پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کی تذلیل کرنا بھارتی فوج کا روز کا معمول ہے۔انہوںنے کہا کہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ علاقے میں انسانیت کی تذلیل کی جا رہی ہے اور بھارتی فوج لاکھوں کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کودنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل و غارت کی وجہ سے ہزاروں خواتین بیوہ اور بچے یتیم ہو چکے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے ان کی زمینوں پر قبضہ کررہا ہے۔