انسٹاگرام جلد آپ کی سالگرہ جاننے پر اصرار کرے گا، مگرکیوں؟

اگر آپ انسٹاگرام پر اپنی تصاویر مسلسل پوسٹ کرتے رہنا چاہتے ہیں تو جلد ہی آپ کو سوشل میڈیا ایپ سے لازمی طور پر اپنی تاریخ پیدائش شیئرکرنا ہوگی۔

اطلاعات ہیں کہ فیس بک کی یہ ایپ اپنے کم عمر صارفین کے تحفظ کو بڑھانے کے مشن پر ہے جس کے تحت صارفین کو لازمی طور پراپنی تاریخ پیدائش انسٹاگرام کو بتانا پڑے گی۔

انسٹاگرام ویب سائٹ پر ایک تازہ بلاگ پوسٹ میں ، یوتھ پروڈکٹس کے نائب صدر  پاونی دیوان جی نے کمپنی کے اس نئے اقدام کا خاکہ پیش کیاجس کے تحت صارفین کو ان کی تاریخ پیدائش کی فراہمی پر زور دیا جائے گا ( اگر وہ پہلے سے درج نہیں)۔

سالگرہ کی تفصیل مانگنے کے نوٹیفکیشن کو ابتدائی چند بار مسترد کیا جاسکے گا ، لیکن بلآخرانسٹاگرام کا استعمال جاری رکھنے کے لیے آپ کو لازمی طور پر یہ تفصیل فراہم کرنا ہوگی۔

انسٹاگرام پر حساس مواد والی پوسٹس پہلے ہی دھندلی کرکے دکھائی جاتی ہیں تاہم اس اقدام کے بعد اب ان کو دیکھنے کے لیے سالگرہ کی مناسب معلومات درکار ہوں گی۔