کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے سردار عبدالقیوم نیازی کو مبارکباد

سرینگر07اگست() بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے مقبوضہ علاقے کے مظلوم عوام کی طرف سے سردار عبدالقیوم نیازی کو آزاد جموں و کشمیر کا نیا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
غلام احمد گلزار نے سردار عبدالقیوم نیازی کے نام مبارکباد کے ایک خط میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام امید کرتے ہیں کہ ان کی متحرک ، تجربہ کار اور دور اندیش قیادت کے تحت تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ آزاد جموں وکشمیر ترقی و استحکام کی نئی منازل طے کرے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب وزیراعظم محکموم کشمیریوں کی طرف سے دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے قوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل کے لیے اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی محاذوں پر مخلصانہ کوششیں کریں گے۔