محرم الحرام میں کورونا کے دوبارہ پھیلاﺅ کا انتباہ جاری

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں لوگوں کی صحت کومحفوظ بنانے کے اقدامات پربریفنگ

اسلام آباد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے محرم الحرام میں کورونا کے دوبارہ پھیلاﺅ کا انتباہ جاری کیا گیا ہے وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران لوگوں کی صحت کومحفوظ بنانے کے اقدامات پربریفنگ دی گئی.وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا کہ سیاحت سمیت مختلف شعبے کھول دیئے ہیں لیکن اس کے باوجود ٹریس ٹریک اینڈ ٹیسٹ پالیسی پر عمل درآمد ضرور ی ہے این سی او سی کا کہنا ہے کہ ایس اوپیز پرعملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں وبا دوبارہ پھیل سکتی ہے.اعلامیے کے مطابق وزیر مذہبی امور نے علماسے مشاورت کے بارے میں فورم کو آگاہ کیا منصوبہ بندی وترقی کے وزیر اسد عمر نے وفاق اور صوبوں کی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے عوام کا تحفظ اور فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے.

گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بہت ذمے دار ہیں اور انہوں نے بہت صبر کا مظاہرہ اور مختلف طبی ہدایات کی پاسداری کی. اگر محرم الحرام تک اسی جذبے کا مظاہرہ کیا جاتا ہے تو اس سے طبی مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی اسد عمر نے کہا کہ طبی ہدایات پر عملدرآمد کے ساتھ مختلف شعبوں کو کھولا جانا چاہیے، کورونا وائرس کا خطرہ ابھی موجود ہے. این سی او سی کے فورم کو آگاہ کیا گیا کہ معاشرتی دوری کے اقدامات اور چہرے پر ماسک پہننے کو یقینی بنانے کے لیے ایک مکمل ضابطہ اخلاق بنایا گیا ہے، فیس ماسک اور سادہ کپڑوں کے ماسک کے استعمال سے کوویڈ 19 کے پھیلاﺅ کو روکنے میں مدد ملتی ہے.