کشمیر میںانسانی حقوق کی بحالی کیلئے فوری موثر اور کارگر اقدامات کیے جائیں ۔ حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق کو فوری رہا کیا جائے حریت کانفرنس

سری نگر()حریت کانفرنس نے میر واعظ عمر فاروق کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق اداروں پر زور دیا ہے کہ جموںوکشمیر میںانسانی حقوق کی بحالی کیلئے فوری موثر اور کارگر اقدامات کریں۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک بیان کے مطابق حریت کانفرنس کی مجلس عاملہ کے ممبران پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون اور مولوی مسرور عباس انصاری، نے حریت کانفرنس کے چیرمین  میر واعظ عمر فاروق سے ملاقات کی کوشش کی تاہم  میر واعظ کے رہائشی گیٹ پر تعینات مسلح اہلکاروں نے انہیں روک دیا اور میر واعظ سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔یاد رہے کہ حریت چیئرمین میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق پانچ اگست 2019 سے مسلسل گھر میں نظر بند ہیں۔کے پی آئی کے مطابق  ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس  نے بیان میں کہا  ہے کہ حریت چیئرمین کی رہائش گاہ کے گیٹ پر موبائل بنکر اور مسلح گاڑیاں سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں کھڑی ہیں اور سڑک کو دونوں اطراف سے جزوی طور پر بلاک کردیا گیا ہے اور کسی بھی بیرونی شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حریت ایکزیکٹیو اراکین نے حریت چیئرمین کے خلاف حکمران طبقے کے رویہ کو حد درجہ افسوسناک، مایوس کن اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے جناب میر واعظ کے تمام بشری اور نجی حقوق سلب کرلئے گئے ہیں جو ایک المیہ ہے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کو عوامی امنگوں کے مطابق مستقل بنیادوں پر حل کرانے کے لیے اپنے اصولی موقف پر مضبوطی کے ساتھ قائم ہے بلکہ خطے میں دائمی امن و سلامتی کے قیام اور سیاسی استحکام کے لیے اس دیرینہ تنازعہ کا حل ناگزیر سمجھتے ہیں۔