کشمیری شہداء کی قربانیوں کا ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، ماس موومنٹ

سرینگر 24جون ( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ماس موومنٹ نے کہاہے کہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام بھارتی تسلط سے آزادی کے عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں اورشہداء کی قربانیوںکا ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا۔
 ماس موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات شبیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نواز سیاستدان پوری طرح کشمیری عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیںاورلوگ جانتے ہیں کہ گزشتہ سات دہائیوں سے وہ انہیں دھوکہ دے رہے ہیں کیونکہ ان کا پہلا اور آخری ہدف صرف اور صرف اقتدار کا  حصول ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت ان لوگوں کو بین الاقوامی فورموں پرجموںوکشمیر پر اپنے فوجی قبضے کے حق میں ایک دلیل کے طور پر استعمال  کرتا ہے اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔شبیراحمد نے کہاکہ کشمیری شہداء نے بھارتی تسلط سے آزادی کے عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیری قوم کسی قسم کی مراعات کے لیے نہیں بلکہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اوروہ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔