مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے مسلسل سازشیں کررہی ہے،حریت کانفرنس

سرینگر07 ستمبر () غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کوبگاڑنے اور کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مسلسل سازشیں کر رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت اسرائیلی طرز پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی شہریوں کو آباد کرکے مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین کی دفعہ 370کی منسوخی کا مقصد بھار ت سے آنے والے غیر کشمیری ہندوئوں کے جموں وکشمیر میں مستقل طور پر آباد ہونے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام لاکھوں ہندوستانیوں اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کو مقبوضہ کشمیر کی شہریت دے ر ہے ہیں ۔حریت ترجمان نے واضح کیاکہ بھارت ایک منظم طریقے سے مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز پر آباد کاری کے اپنے نوآبادیاتی منصوبے پر عمل درآمد کر رہا ہے تاکہ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو ختم کر کے خطے میں ہندو تہذیب کو قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں ان کی شناخت، ملازمتوں اور دیگر مواقع سے محروم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران نہتے کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل فرقہ پرست مودی حکومت کے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری بھارتی سازشوں کو ہرگزکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں فرقہ پرست مودی حکومت کی تمام سازشیں اور منصوبے ناکام ہوں گے اور کشمیری اپنی جدوجہد میں فتح یاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے باشعور عوام کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کشمیریوں کے ساتھ دینا چاہیے ۔