وسیم اکرم جیسا کھلاڑی صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے :محمد عامر

سابق کپتان باکمال کوچ اور لیجنڈ ہیں، ہمیشہ مثبت انداز میں سکھایا : فاسٹ باؤلر

ابوظہبی ( ) کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سابق کپتان وسیم اکرم کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان جیسے کھلاڑی روزانہ پیدا نہیں ہوتے ۔

ایک انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ وسیم اکرم نوجوان کھلاڑیوں کو جدید طرز کی کرکٹ سے روشناس کرا رہے ہیں، وسیم اکرم نے کبھی کوچ بن کر نہیں سکھایا، اُن کی ذہانت کی وجہ سے ہم اچھی گیم کھیلتے ہیں، سچی بات یہ ہے کہ وہ ہم سے کبھی کوچ بن کر پیش ہی نہیں آئے ، انہوں نے ہمیشہ ہمیں مثبت انداز سے چیزیں سمجھائیں، جب آپ اُن کے پاس جاتے ہیں تو وہ آپ کو جدید انداز سے کرکٹ سکھاتے ہیں۔

ان ساری باتوں کی وجہ سے میں وسیم اکرم کو لیجنڈ سمجھتا ہوں جو صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ محمد عامر کا مزید کہنا تھا کہ وسیم اکرم کرکٹ کی تکنیک اور مہارت کے حوالے سے بھی بہت معلومات رکھتے ہیں،جو انہیں معلوم ہوتا ہے وہ کھلاڑیوں کو ضرور بتاتے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر محمد عامر نے کہا کہ تینوں فارمیٹس کا کپتان بننے کے بعد بھی بابراعظم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، وہ آج بھی ویسا ہی ہے۔