
مقبوضہ جموں و کشمیر: سرجان برکاتی غیر قانونی نظربندی سے رہا
سرینگر05جون : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںکشمیر میںحریت رہنما اور عالم دین سرجان برکاتی کو آج( ہفتہ) تین ہفتے سے زائد عرصے کی غیر قانونی نظر بند ی کے بعد رہا کر دیا گیا ۔ بھارتی پولیس نے سرجان برکاتی کو بیگناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف ایک مظاہرے کی قیادت کی پاداش میں گزشتہ ماہ کی 15تاریخ کو ضلع شوپیاں کے علاقے زینہ پورہ میں اپنے گھر سے گرفتار کرلیا تھا۔ سرجان برکاتی کے ایک اہلخانہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انکی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رہائی کے بعد گھر پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سرجان برکاتی نے جولائی 2016میں معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد چلنے والی احتجاجی تحریک کے دوران آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف ایک مخصوص طرز اوردالکش انداز کے اپنے نعروں سے شہرت پائی تھی ۔ بھارت مخالف بڑے بڑے مظاہروں کے دوران سرجان برکاتی کے پرجوش نعروں کی ویڈیوز شوشل میڈیا پر وائرس ہونے والے کے بعد وہ بھارتی پولیس کی نظروں میں آگئے تھے اور یوں انہیں یکم اکتوبر2016کو گرفتار کر لیا گیاجس کے بعد انہیں اکتوبر 2020میں رہا کیا گیاتھا۔