مقبوضہ کشمیر میں بے جے پی رہنماپولیس کی حفاظت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں بی جے پی رہنماوں کے بارے میں کشمیر پولیس نے نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے

سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارت نواز افراد بالخصوص بی جے پی رہنماوں کے بارے میں پولیس نے نئی  ایڈوائزری جاری کر دی ہے ۔ ان افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ  پولیس کی حفاظت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں گزشتہ شب بی جے پی کونسلر کی نامعلوم افراد کے  ہاتھوں ہلاکت کے بعد جموں و کشمیر پولیس نے  نئی  ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ۔  پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ‘کسی بھی ایسے شخص جس کو حفاظت فراہم کی گئی ہے، کو پی ایس اوز  ( سپیشل پولیس افیسرز)کے بغیر باہر نہیں جانا چاہیے۔ انہیں دورے کرنے کی اجازت زمینی سطح پر مقامی خطروں کا جائزہ لینے کے بعد ہی دی جائے گی’۔انہوں نے کہا ہے کہ ایسے اشخاص کو غیر ضروری طور پر خطروں کو مول لینے سے اجتناب کرنا چاہیے اور تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔ پلوامہ کے ترال علاقے میں بدھ کی شب قریب سوا دس بجے نامعلوم اسلحہ برادروں نے بی جے پی کے میونسپل کونسلر راکیش پنڈتا پر اندھا دھند گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں وہ  زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ  گیا تھا ۔