مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے کشمیری عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے،وقار رسول

جموں 10مارچ() غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس کی جموں وکشمیر شاخ کے صدر وقار رسول وانی نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے کشمیری عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
 وقار رسول وانی نے جموں میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کو غریب دشمن اور ترقی مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کو دیوار سے لگا رہی ہے اورمقبوضہ علاقے میں بے روزگاری اور، مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کی پابند ہے۔وقار رسول نے مقبوضہ کشمیرمیں پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی طرف سے کل مکمل ہڑتال کی کال کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی مقبوضہ علاقے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں بی جے پی حکومت کے پراپرٹی ٹیکس، بے روزگاری اور دیگر عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بند کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے۔اس سے قبل جمعرات کو جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ارون گپتا نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول سوسائٹی اور دیگر تنظیموں کے ارکان کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگوں کے بعد نئے پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ہفتہ کو مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیاتھا۔کانگریس کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی، تجارتی اور نوجوان کی تنظیموں بشمول مسلم فرنٹ، یونائیٹڈ ڈیموکریٹک الائنس، مشن اسٹیٹ ہڈاور شیو سینا نے کل جموں میں ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے۔