مقبوضہ جموں و کشمیر: بھارتی فوجیوں نے گزشتہ 100روز کے دوران 44کشمیری شہید کیے

سرینگر03جون : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں گزشتہ سو روز کے دوران 44کشمیری شہید کر دیے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے سو روز پورے ہونے پر  بھارتی فوجیوں نے اس دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں 44افراد شہید جبکہ محاصرے اور تلاشی کی 720پر تشدد کاررووائیوں کے دوران کم از کم 20مکانات تباہ کر دیے۔ قابض بھارتی فورسز نے رواں برس 25فروی سے اب تک 326کشمیری نوجوان گرفتار جبکہ گولیاں، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے داغ کر 143مظاہرین زخمی کر دیے۔
دریں اثناسیاسی مبصرین نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی پر تشدد کارروائیوں اور بی جے پی حکومت کی کشمیر مخالف پالیسیوں میںکوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجی کورونا وبا کے باوجود گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری رکھے ہیں جبکہ کشمیری بھارت کے مسلسل فوجی لاک ڈائون اور کورونا پابندیوں کیوجہ سے سخت معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔