مقبوضہ کشمیر میں خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدیدتشویش کا اظہار خودکشی کے ان تمام واقعات کی بنیادی وجہ مالی مشکلات ہیں۔بار ایسوسی ایشن

سری نگر : مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وادی کشمیر میں خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدیدتشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرینگر میں جاری ایک بیان میں بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ گزشتہ چار دنوںکے دوران خود کشی کے باعث موت کے دو جبکہ خودکشی کی کوشش کے تین واقعات پیش آئے ہیں۔کے پی آئی  کے مطابق خودکشی کے ان تمام واقعات کی بنیادی وجہ مالی مشکلات ہیں۔بار ایسوسی ایشن نے کشمیری عوام اور فلاحی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میںمالی پریشانی کا شکار لوگوںکی دیکھ بھال کریں۔بار نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مجبور اور لاچار لوگوںکی مدد کی جانی چاہیے ۔طبی اور نفسیاتی ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ بھارتی فوجیوںکی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں اور چھاپوںکے دوران کشمیریوں پر ظلم و تشدد، لوٹ مار اور مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے مالی مسائل اور اعصابی تنائو خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی بڑی وجہ ہیں۔