جب تک تنازعہ کشمیر حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا خواجہ فردوس بھارت نے اپنی فوج کو جموں وکشمیر میںکشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے

سری نگر : جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ  جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ایک بیان میں خواجہ فردوس نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت نے اپنی فوج کوکشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج کالے قوانین کا سہارا لیکر نہ صرف کشمیری عوام کے مقدس مقامات اور مساجد کی بے حرمتی کررہی ہے بلکہ وہ ترقی اور انعامات کی لالچ میں نام نہاد تلاشی کارروائیوں اور جعلی مقابلو ں کے دوران بے گناہ نوجوانوں کو شہید کررہی ہے۔ کے پی آئی کے مطابق  حریت رہنما نے کہا کہ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مقبوضہ علاقے میں کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کررہی ہے تاکہ کشمیری عوا م تحریک آزادی سے دستبردار ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام عزم کرچکے ہیں کہ شہدا  کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور تحریک آزادی کشمیرکو اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ خواجہ فردوس نے شوپیاں ، پلوامہ اور بیجبہاڑہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرانے اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ حریت رہنما نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔