الیکشن میں شکست کا ڈر،پی پی ، ن لیگ سی او ڈی سے منحرف ہوگئیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نواز اور زرداری کی وجہ سے لوگ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے، ہر معاملے میں شفافیت لائیں گے۔

اسلام آباد( )تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاویدنے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں شکست کے خوف کی وجہ سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ میثاق جمہوریت سے منحرف ہوگئیں۔سینیٹ الیکشن میں اربوں کی خریدوفروخت ہوتی ہے۔انتخابی عمل سمیت ہر معاملے میں شفافیت لانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے دائر صدارتی ریفرنس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہمیشہ دھاندلی اورپیسہ استعمال کر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرتی ہیں۔وہ اس کے بغیر جیت ہی نہیں سکتیں۔انہیں سینیٹ انتخابات میں شکست کا خوف ہے ۔ اسی لئے یہ میثاق جمہوریت سے منحرف ہورہی ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کا بے دریغ استعمال کیاجاتا ہے۔ صوبائی اسمبلی میں ممبران نہ ہونے کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی کیسے ممکن ہے۔یہ صرف ضمیرکی خریدوفروخت کی وجہ سے ممکن ہوتا ہے۔ہم نے انتخابات سمیت ہر معاملے میں شفافیت لانی ہے۔عمران خان نے انتخابات میں شفافیت اور انتخابی نظام میں بہتری کے لئے دنیا کا سب سے بڑا دھرنادیا۔ کرکٹ کی دنیا میں وہ پہلی مرتبہ آزاد ایمپائر لے کر آئے۔ سینیٹ انتخابات میں کرپشن پر عمران خان نے اپنے بیس اراکین صوبائی اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا۔مگر یہ لوگ انتخابات میں شفافیت کی مخالفت کررہے ہیں۔ آج رضاربانی صاحب نے بھی سینیٹ انتخابات میں شفافیت کی مخالت کردی۔میاں نواز شریف اور آصف زرداری کی وجہ سے آج لوگ کرپشن کو جرم نہیں سمجھ رہے۔پوری قوم کو کرپشن کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے نہ صرف انتخابات بلکہ ہر معاملے میں شفافیت لانے کا عزم کررکھا ہے۔شفاف انتخابات کسی پارٹی کی نہیں بلکہ پاکستان کی فتح ہوگی۔