لبریشن فرنٹ نے کشمیری رہنمائوں کے یوم شہادت کو یوم کردار کے طورپر منایا

سرینگر30 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ نے شہید آزادی پسند رہنماؤں اشفاق مجید وانی،شبیر صدیقی،بشارت رضا اور درگاہ حضرت بل کے شہداء کایوم شہادت یوم کردار کے طورپرمنایا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ بڑی تعداد میں آزاد ی پسندوں نے مزار شہدا ء عید گاہ سرینگر جا کر ان عظیم محسنوں کی قبروں پر حاضر ی دے کر اُنہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔ بھارتی فوجیوںنے اشفاق مجید وانی کو30مارچ 1990کو شہید کردیاتھا جبکہ چھ سال بعد آج ہی کے دن درگاہ حضرت بل کے احاطے میں شبیر صدیقی اور ان کے ساتھ درگاہ میں محصور رہنے والے لبریشن فرنٹ کے اٹھائیس قائدین کو شہید کردیاتھا۔  اس سے قبل بھارتی فوجیوںنے 24مارچ1996ء کواسی مقام پر لبریشن فرنٹ کے چیف کمانڈر شہید بشارت رضاء ، سلمان یاور المعروف مشتاق ملک ، دلاور خان ، وسیم کرنل،ٹیپو سلطان ، مشتاق صوفی ، نصیر الدین ، سلمان عبدالرشید شاہ ، سجاد احمداور میر اکبر جیسے سینئر رہنمائوںکو شہید کیا تھا ۔لبریشن فرنٹ نے بیان میںشہید رہنمائوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔  بڑی تعداد میں لوگوں نے گاندر بل میں شہید نثار بٹ کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کیا ۔آزادی پسند رہنمائوں جاوید احمد میر،فاروق احمد ڈار، مسعود عالم ، طاہر احمد میر، سلیم ننہ جی، اقبال گندرو، محمد یاسین بٹ ، منظور احمد صوفی ، وجاہت قریشی، ظہور احمد بٹ اور دیگر نے شہید رہنمائوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔