شمالی کشمیر میں البدر مجاہدین کے چیف کمانڈرعبدالغنی خواجہ شہید عبدالغنی کی میت کو بھارتی فورسز نے نامعلوم مقام پر سپردخاک کر دیا

سری نگر: شمالی کشمیر میں البدر مجاہدین کے چیف کمانڈرعبدالغنی خواجہ کی شہادت کے بعد صورت حال کشیدہ ہوگئی ہے۔ عبدالغنی خواجہ کی میت کو بھارتی فورسز نے نامعلوم مقام پر سپردخاک کر دیا ہے ۔بھارتی فورسز نے جنوبی ضلع شوپیاں کے کئی دیہات کو محاصرے میں لے لیا ہے ۔کے پی آئی کے مطابق  بھارتی فورسز شمالی کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے سوپور علاقے کو محاصرے میں لے لیا تھا۔ سوپور کے مضافات میں تجر شریف گائوںمیں  بھارتی فورسز سے جھڑ پ میں عبدالغنی خواجہ ولد مختار احمد خواجہ ساکن خواجہ محلہ کرالہ گنڈ ہندوارہ  شہید ہوگئے۔ عبدالغنی خواجہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ البدر مجاہدین کے چیف کمانڈر تھے ۔انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا ہے کہ تجر شریف میں البدر مجاہدین کا سربراہ مارا گیا جو سیکورٹی فورسز کے لئے اہم کامیابی ہے۔ اس واقعے کے بعد ضلع میں انٹرنٹ سروس  بند  کر دی گئی ہے ۔ دریں اثنا بھارتی سیکورٹی فورسز نے بدھ کو جنوبی ضلع شوپیان میں واٹھو گاوں کو محاصرے میں لیکر وہاں گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ اس کے علاوہ   شوپیان کے مزید 3دیہات  اورسمبل سونا واری  میں بھی تلاشیاں لی گئیں۔۔ ان علاقوں کی رابطہ سڑکوں کوخار دار تاریں بچھاکر بند کرکے فورسز نے گھر گھر تلاشی لینی شروع کی، ساتھ ہی کئی جگہوں پر راہگیروں کو روک کر انہیں قطاروں میں کھڑا کرکے ان کی شناختی پریڈ کروائی گئی۔