جب تک مسئلہ کشمیرکو حل نہیں کیا جاتا ،خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا: ایمپلائز موومنٹ

سرینگر02مارچ : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںو کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے بھارت اورپاکستان کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیاہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ماحول کو مزید بہتر بنانے کی ذمہ داری بھارت پرہے اور اسے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خود اردیت دینے کیلئے ضروری اقدامات کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںو کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی ایک اہم پیش رفت ہے تاہم اصل اور بنیادی مسئلہ تنازعہ کشمیر ہے جس کے حل سے بھارت مسلسل فرار اختیار کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نہتے کشمیریوں کو بے پناہ مظالم کا نشانہ بنانے کے علاوہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی زمینی صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو مسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ،خطے میں امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا اور نہ ہی پاک بھارت تعلقات پائیدار بنیادوں پر بہتر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیر کے حوالے سے بھارت کی تاریخ وعدہ خلافیوں، مکروفریب ، دھوکہ دہی اور سازشوںسے بھری پڑی ہے لہذا ماحول کو سازگار بنانا بھارت کے ہاتھ میں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کرکے کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دینے کیلئے اقدامات کر کے ہی ماحول کو خوشگوار بناسکتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حریت قیادت اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اورتنازعہ کشمیر کے حل میں اقوام متحدہ اپنا کرداراداکرے۔