دارالخیر کی طرف سے صفاکدل آتشزدگی کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم

سرینگر02مارچ : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میںقائم دارالخیر نے سرینگر کے علاقے صفاکدل میں آتشزدگی کے واقعے میں املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہر خاص میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا۔ اس واقعے میں کم از کم پانچ رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔دارالخیر نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور شدیدسردی کے پیش نظر ان کی فوری بحالی پر زور دیا۔میر واعظ عمر فاروق کی جو اب بھی نظربند ہیں ، ہدایت پرمفتی غلام رسول سامون کی سربراہی میں تنظیم کے وفد نے صفا کدل کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان میںچاول ، آٹا ، کمبل اور بنیادی ضرورت کی دیگر اشیا ءتقسیم کیں۔ وفد نے دارالخیر اور میر واعظ عمر فاروق کی جانب سے ان سے اظہار یکجہتی کیا۔