غیر ملکی سفیربھارت ، پاکستان اور کشمیری عوام کے مابین مذاکرات کو یقینی بنانے میں مدد کریں، حریت کانفرنس غیرملکی سفیروں کا دورہ بین لاقوامی برادری کوگمراہ کرنے اوران کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے

سری نگر : کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر ملکی سفارتکاروں سے اپیل کی ہے کہ  تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے  بھارت اور پاکستان اور کشمیری عوام کے مابین مذاکرات کو یقینی بنانے میں مدد کریں۔ ترجمان  کل جماعتی حریت کانفرنس نے  ایک بیان میں غیرملکی سفیروں کے وادی کے دورہ کوبین لاقوامی برادری کوگمراہ کرنے اوران کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قراردیا ہے ۔ ترجمان نے وفد سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے دکھ دردکو محسوس کرتے ہوئے اس انتہائی غیرمستحکم خطے میں قیام امن کیلئے اپنے اثرورسوخ کاستعمال کریں تاکہ بھارت اور پاکستان اور کشمیری عوام کے مابین اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے مذاکرات کو یقینی بنایا جاسکے اورکئی دہائیوں سے جاری غیریقینی سیاسی صورتحال کے خاتمہ کیلئے اپناتعاون دیں۔ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیرکے عوام گزشتہ74برسوں سے1947میں پیداہونے والے تنازعہ کشمیرکے حل کا مسلسل مطالبہ کرتے چلے آرہے ہیںجب بھارت اور پاکستان نے جموں کشمیرکواپنے درمیان تقسیم کرلیااورآج تک یہ مسئلہ حل طلب چلاآرہا ہے۔بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کے برعکس حکومت کی طرف سے یہاں زیادتیاں عروج پر ہیں۔بیان میں حریت نے واضح کیاکہ مسئلہ کشمیرکے پرامن اوردیرپاحل کیلئے بھارت ،پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان بات چیت کی وکالت اور حمایت کرنے کی حریت کانفرنسکی مثبت کوششوں پر نہ صرف پانی پھیردیاگیابلکہ اس کی قیادت کو گھروں اور جیلوں میں نظربند کیا گیا ہے ۔