آزاد کشمیر کا صدر کونسی شخصیت ہو گی؟ تحریک انصاف نے نام کا اعلان کر دیا

مظفر آباد () پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بطور صدر آزاد کشمیر نامزد کر دیا ہے، اگر وہ صدر منتخب ہو گئے تو آزاد کشمیر کے 28 ویں صدر ہوں گے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1983 میں برطانیہ کو خیرباد کہہ کر آزاد مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔انھوں نے 1985 میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے پہلے الیکشن میں حصہ لیا اور  کامیاب ہوگئے، بیرسٹر سلطان محمود نے مجموعی طور پر 11 الیکشنز لڑے جن میں سے وہ 9 میں کامیاب قرار پائے اور 2 الیکشن ہارے، ایک 1991 میں مسلم کانفرنس کے سابق وزیر ارشد محمود غازی مرحوم کے مقابلے میں جبکہ دوسرا 2016 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار اور سابق وزیر چوہدری محمد سعید سے ہارے۔1996کے عام انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی حکومت میں وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے۔

بیرسٹر سلطان آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ پارٹیاں بدلنے کا اعزاز رکھنے کے علاوہ آزاد کشمیر کی پارلیمانی تاریخ میں واحد ممبر اسمبلی ہیں جو 9 مرتبہ میرپور کے حلقہ ایل اے 3 سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے۔وہ آزاد مسلم کانفرنس، آزاد جموں و کشمیر لبریشن لیگ، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر، پیپلز مسلم لیگ کے صدر رہ چکے ہیں اور اس وقت پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا تعلق جاٹ قبیلے سے ہے، ان کے والد چوہدری نور حسین مرحوم سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں آزاد کشمیر کے مشیر تعلیم رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے بھی تحریک انصاف کے امیدواروں میں شامل تھے تاہم وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے لیے سردار عبدالقیوم نیازی کو نامزد کیا اور وہ 33 ووٹ لیکر وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد بھی ہو گئے۔