
میرواعظ عمر فاروق مسلسل ساتویں بار دنیاکے پانچ سو بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل
سرینگر01 فروری : بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میںمیر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے کہا ہے کہ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل ساتویں سال بھی دنیا بھرکی پانچ سوبااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کیاگیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ درجہ بندی اردن کے رائل اسلامی اسٹریٹیجک اسٹڈیز سنٹرنے جاری کی ہے۔حریت فورم نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ میر واعظ عمر فاروق کی دنیا بھر کے 500 اور جنوبی ایشیاءکے پانچ بااثر مسلمانوںکی فہرست میں شمولیت جموں و کشمیر کے عوام کےلئے بڑی فخر اور اعزاز کی بات ہے۔رائل اسلامی اسٹریٹیجک اسٹڈیز سنٹراردن نے کہاہے کہ میر واعظ عمر فاروق کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں ۔ سینٹر نے خاص طورپر انکی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اگست2019سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں ۔ رائل اسلامی اسٹریٹیجک اسٹڈیز سنٹر ایک آزاد تحقیقی ادارہ ہے جو بین الاقوامی اسلامی غیر سرکاری تنظیم رائل البیعت انسٹی ٹیوٹ برائے اسلامی فکر سے وابستہ ہے جس کا صدر دفتر اردن کے دارالحکومت عمان میں ہے۔